بھوپال، 5؍ ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سابق مرکزی وزیراورسینئربی جے پی لیڈر عارف بیگ کاآج صبح یہاں ان کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔وہ 81سال کے تھے۔بیگ کے چھوٹے بیٹے نورول حسن بیگ نے بتایا کہ آج صبح نو بجے بیگ کو گھر پر اچانک دل کادورہ پڑا اور ان کا انتقال ہوگیا۔انہیں ذیابیطس کی بیماری بھی تھی۔ان کے دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں ہیں۔مدھیہ پردیش سے دو دفعہ لوک سبھا کے ایم پی رہے بیگ پہلی بار بھارتی لوک دل کے ٹکٹ پر سال 1977میں لوک سبھا کیلئے منتخب کئے گئے تھے۔اس انتخاب میں انہوں نے کانگریس کے ڈاکٹر شنکر دیال شرما کو شکست دی تھی۔ڈاکٹر شرما بعد میں ملک کے صدربنے۔حسن نے بتایا کہ اس کے بعد بیگ کو مرکزی وزیر بنایا گیا تھا۔بیگ کے بیٹے نے بتایا کہ سال 1989میں بیتول سے کانگریس کے اسلم شیر خان کو شکست دے کر بیگ دوسری بار لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے بتایاکہ سال1996میں بیگ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو گئے تھے، لیکن سال 2003میں وہ کانگریس چھوڑکر دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔سال 2003میں وہ بی جے پی کے امیدوار کے طور پر بھوپال اسمبلی حلقہ سے امیدواربنے لیکن یہ انتخابات وہ ہار گئے۔حسن نے بتایا کہ ان کے والدسال1975میں ایمرجنسی کے دوران کشابھاٹھاکرے اور دیگر بی جے پی لیڈروں کے ساتھ19ماہ تک جیل میں بندرہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ بیگ کو آج رات بھوپال میں سینٹرل لائبریری کے پاس قبرستان میں دفن جائے گا۔